Home سی پیک کے اساسی اصول

سی پیک کے اساسی اصولRead in English

چین -پاکستان اقتصادی راہداری کیا ہے؟

        چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے جسے چینی صدر شی جن پنگ نے تجویز کیا ہے۔ سی پیک چین اور پاکستان کے مابین جامع اور موثر تعاون کا فریم ورک اور پلیٹ فارم ہے۔ سی پیک ایک اہم سنگ  میل ہے جس پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے اوراس میگا پراجیکٹ کے ذریعے سے تعمیر و ترقی کے سفر کو  آگے بڑھانے کوخاص طور پراہمیت دی ہے۔ سی پیک کو دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں اور عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔

        مئی 2013 میں چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران سی پیک کی تجویز پیش کی جس کو فوری طور پر پاکستانی حکومت کی جانب سے مثبت ردعمل اور اہمیت دی گئی۔ جولائی 2013 میں وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران سی پیک پر کام شروع کرنے کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے۔ اب تک بڑے اوراہم منصوبوں پر عمل در آمد کا سلسلہ  موثر طریقے اورتسلسل  سےجاری ہے مزید بر آں یہ خوش اسلوبی سے تعمیرو ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔سی پیک پر وقت کے ساتھ ساتھ مکمل منصوبہ بندی سے عمل در آمد کیا جا رہا ہے  نیز یہ چین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

         سی پیک کوچین اورپاکستان کی سدا بہار سٹریٹیجک شراکت داری کو مستحکم کرنے اور مشترکہ تعمیر وترقی کی  منازل  طے کرنے کے سفر میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ سی پیک ایک نئی جہت اور نئے وژن کے ساتھ پاک چین تعلقات کو جلا بخشنے کا موجب بن رہا ہے۔ سی پیک سے مجموعی طور پر پورا پاکستان استفادہ حاصل کرے گااور اس سے پاکستانی عوام کو بہت سے فوائد حاصل ہوں گے۔سی پیک سے پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی کو موثر انداز میں فروغ ملے گا۔ سی پیک کی تعمیر سے چین اور پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی میں روابط فروغ پانے کے ساتھ ساتھ انضمام میں بھی اضافہ ہوگا جس میں دونوں ملکوں کے عوام کا مفاد پوشیدہ  ہے۔ اسی طرح سی پیک  کے تحت دونوں فریق ممالک معیاری اور جامع حکمت عملی کے ساتھ تعمیر و ترقی اور متعدد بڑے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں جس کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں اور چین اور پاکستان کے علاوہ خطے کے دوسرے ممالک کے  لوگوں کو بھی اس سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔

سی پیک کی تعمیر کے اصول کیا ہیں؟

           ایک بڑے اور منظم منصوبے کے طور پر سی پیک کی تعمیر کا سفر 2030-2017پر محیط ہے۔ سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے چین اور پاکستان کی حکومتوں ، کمپنیوں اور تمام سماجی شعبوں کی مشترکہ اور ان تھک کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس کی تعمیر کے عمل میں دونوں فریقوں نے سائنسی منصوبہ بندی کے اصولوں، تسلسل سے عمل درآمد ، مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے ، باہمی فائدے اور وِن-وِن ریزلٹس کے ساتھ ساتھ معیار اور حفاظت کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ دونوں فریقوں نے ترجیحی یا ارلی ہارویسٹ منصوبوں کی فہرست مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ سی پیک کے لئے طویل المدتی منصوبہ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ ترجیحی یا ارلی ہارویسٹ منصوبوں سے مراد وہ منصوبے ہیں جو 2018 یا 2020 (ہائیڈرو پاور پراجیکٹس) سے پہلے مکمل ہوجائیں گے۔ سی پیک ایک طویل المدتی منصوبہ بندی پر محیط منصوبہ ہے جس کی مکمل طور پر تکمیل 2030کو ہو جائے گی۔ سی پیک کی منصوبہ بندی اور تعمیر کے عمل میں دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو رہنمائی فراہم  کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور کمپنیوں کو مارکیٹ کے قوانین کے مطابق سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔مزید بر آں دونوں حکومتیں اور کمپنیاں کام کی واضح تقسیم کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ مستقل میں سی پیک کی ترقی کو فروغ دیا جاسکے

سی پیک کون کون سے شعبوں کا احاطہ کرتا ہے؟

        پاکستان اور چین   نے   دو فریقین کے طور پر خصوصی اقتصادی تعاون کو “1 + 4” کےخاکہ کے طور پر فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جس میں سی پیک کے مرکزی کردار کے ساتھ ساتھ گوادر بندرگاہ ، توانائی ، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی تعاون سمیت چار اہم شعبوں کو ملحوِظ نظر رکھا گیا ہے تاکہ وِن-وِن  نتائج اور مشترکہ ترقی کو فروغ دیاجاسکے۔ درمیانی مدت سے طویل المدتی منصوبہ بندی میں دونوں فریقین فنانشل سروسز، سائنس و ٹیکنالوجی ، سیاحت ، تعلیم ، غربت کے خاتمے اور سٹی پلاننگ جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کریں گےاوروقت کے ساتھ ساتھ اس میں توسیع کریں گے تاکہ چائینہ-پاکستان آل راؤنڈکوآپریشن  کے دائرہ کار میں مزید توسیع کی جاسکے۔

سی پیک کے تعاون کا طریق کار کیا ہے؟

         سی پیک منصوبہ کے سفر کو خوش اسلوبی اور موثر طریقے سے آگے بڑھانے کے لئے چین اور پاکستان نے جوائینٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) تشکیل دی ہے۔ جوائینٹ کوآپریشن کمیٹی کے تحت پانچ جوائینٹ ورکنگ گروپس ہیں جن میں طویل المدتی منصوبہ بندی ، توانائی ، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر ، صنعتی تعاون اور گوادر بندرگاہ شامل ہیں۔ جے سی سی کے سیکریٹریٹ بالترتیب چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم  کمیشن اور پاکستا ن کی وزارت منصوبہ بندی ترقی اور اصلاحات میں موجود ہیں۔ یہ دونوں سکریٹریٹ سی پیک پر عملد رآمد کے ذریعے سے تعمیر و ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لئے وزارتوں کے ساتھ بات چیت اور ہم آہنگی کے ذمہ دار ہیں۔جوائینٹ کوآرڈنیشن کمیٹی سی پیک کی مجموعی منصوبہ بندی اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دیتی ہے جبکہ جوائینٹ ورکنگ گروپس منصوبوں کی نوعیت کے اعتبار سے موثر منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے ذمہ دار ہیں۔ جنوری 2020 تک جوائینٹ کوارڈنیشن کمیٹی کے9 اجلاس بلائے گئے ہیں اورسی پیک سے متعلق کئی  امور کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے  پر اتفاق کیا گیا ہےجبکہ یہ کمیٹی سی پیک کی تعمیر کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔

سی پیک کے تحت گوادر بندرگاہ میں کیا پیشرفت ہوئی ہے؟

       سی پیک کے جنوبی سرے میں سمندری دہانے پر واقع  گوادر بندرگاہ میگا پراجیکٹ کے اہم  منصوبوں میں سے ایک ہے۔ چائینہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (سی او پی ایچ سی) نے بندرگاہ میں سہولیات کی بہتری اور توسیع کا کام سر انجام دیا ہےاور اب اس بندرگاہ نے اپنی ڈیزائن کردہ صلاحیت کو بحال کردیا ہے۔ کارگو لائنرز 2016 کے وسط سے ہر ماہ بندرگاہ پہنچ رہے ہیں۔ 13 نومبر 2016 کو گوادر بندرگاہ میں سی پیک پائلٹ پراجیکٹ کا پہلا تجارتی کانوائی کی آمد پرتقریب کا انعقاد ہوا۔ اس دوران چین پاکستان کا مشترکہ ٹرکوں کا قافلہ دونوں ممالک سے سامان لے کر گوادر بندرگاہ پہنچا۔ یہ پہلاموقع تھا کہ جب تجارتی قافلہ کامیابی کے ساتھ شمال سےجنوبی   حصے کے ذریعے سے پاکستان کے مغربی خطہ پہنچا۔آج گوادر پورٹ بڑی تعداد میں کنٹینر بیرون ممالک کو برآمد کررہا ہے۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب چین اور پاکستان نے مشترکہ تجارتی کانوائی کے ذریعے سے پاکستان کے  رستےسے گوادر بندرگاہ کا راستہ طے کیا اور اس بندرگاہ  میں سہولیات کی فراہمی کے نظام کو بھی ایک نئی جہت سے روشناس کیا۔

             چین اور پاکستان ایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبے اور نیو گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنی مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کو عملی جامع پہنانے کے لئے دونوں فریق مل کر کام کر رہے ہیں۔سی پیک کے تحت مقامی لوگوں کی معیارِ زندگی کو بہتر بنانے خصوصاََ تعلیمی اور طبی منصوبوں کے ذریعے سے بہتری کی کوششیں کی گئی ہیں۔خاص طور پر فقیر کالونی میں پاک-چائینہ فرینڈشپ  پرائمری سکول ، گوادر ، گوادر اسپتال ، گوادر ووکیشنل کالج ، اور واٹر ڈسیلی نیشن پلانٹ جیسے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے گئے ہیں ۔

سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں کیا پیشرفت ہوئی ہے؟

            یہ ایک مسلمہ حقیقت  ہے کہ توانائی کا شعبہ اقتصادی ترقی کے لئے طاقت کاسر چشمہ ہوتا ہے اور پاکستان کی معیشت کی پائیدار ترقی بھی توانائی کے شعبے پر ہی منحصر ہے۔ پاکستان میں چائینہ-پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز سےتوانائی منصوبوں کی تعمیر میں تیزی آئی اور آج اس میگا پراجیکٹ کے ثمرات کے سبب پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے ذریعے سے پائیدار ترقی کے حصول میں مدد ملی ہے۔سی پیک فریم ورک کے تحت دونوں فریقوں نے 16 منصوبوں کو  اہم ترجیحات  کا حصہ بنایا ہے جبکہ 5 پر منصوبہ بندی جاری ہے ا  ن تمام کی مجموعی طور پر توانائی کی پیداوار 17045 میگاواٹ ہوگی۔ سی پیک کے تحت اہم ترجیحات  میں شامل 16 منصوبوں میں سے 9 منصوبوں کو فعال کرکے نیشنل گرڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بقیہ پر کام کی پیش رفت جاری ہے۔ 2019 کے اختتام تک تکمیل شدہ توانائی کے منصوبوں میں بہاولپور پنجاب کا 400 میگاواٹ قائداعظم سولر پارک، 50 میگاواٹ داؤد ونڈ فارم، سچل 50 میگاواٹ ونڈ فارم ، پورٹ قاسم 2 × 660 میگاواٹ  کول فائرڈ پاور پلانٹ ، ساہیوال 2 × 660 میگاواٹ کول فائرڈ پاور پلانٹ ، 660 میگاواٹ حبکو کول پاور پلانٹ ، 100 میگاواٹ جھمپیر یو ای پی ونڈ فارم ، چائنا تھری گورجیز سیکنڈ  اینڈ تھرڈونڈ پاور پراجیکٹ اور 2 × 330 میگاواٹ اینگرو تھر کول پاوراینڈ مائن پراجیکٹ شامل ہے۔جبکہ 870 میگاواٹ کے سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن ،1320میگاواٹ تھر بلاک ون،330حبکو تھر کول پاور پراجیکٹ،330تھل نووا تھر کول پاور پراجیکٹ بلاک ٹو ،720میگاواٹ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، 600 میگاواٹ قائداعظم سولر پارک  اور مٹیاری (پورٹ قاسم) سے لاہور ٹرانسمیشن لائن  جیسے منصوبوںکی پیش رفت جاری ہے۔علاوہ ازیں1124 کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 300 میگاواٹ گوادر کول  پراجیکٹ ، 1320میگاواٹ تھر کول پراجیکٹ بلاک-سکس  ،50میگاواٹ کاچو ونڈ پاور پراجیکٹ اور50میگاواٹ ویسٹرن انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ وِنڈ پاور پراجیکٹ  بھی منصوبہ بندی  میں شامل ہیں۔

سی پیک کے تحت نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں کیا پیشرفت ہوئی ہے؟

          اقتصادی ترقی کے لئے موثر اور تیز تر نقل و حمل کا نیٹ ورک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک یقینی طور پر پاکستان میں شمال-جنوبی راہداری کی راہ ہموار کرے گا۔ پہلےسے موجود روڈ نیٹ ورک کو استعمال میں لاکر اورمنقطع روابط کی بحالی کو یقینی بنا کر ترجیحی بنیادوں پر سائنسی اصولوں کی حامل منصوبہ بندی کی گئی ہے اس وقت انفراسٹریکچر کے15000ملین ڈالر کی لاگت کے 6 ارلی ہارویسٹ پراجیکٹس میں سے سکھر-ملتان موٹروے(ایم-5)تکمیل کے مرحلے کو پہنچا ہے جبکہ شاہراہِ قراقرم کا تھاکوٹ-حویلیاں سیکشن  تکمیل کے بالکل قریب ہے۔علاوہ ازیں ایسٹ بے ایکسپریس وے گوادراورنیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ  زیرِ تکمیل ہیں   نیزڈی آئی خان-ژوب موٹروے اور ایم ایل ون ریلوے پر متعلق امور جے سی سی کی نویں میٹنگ میں نمٹانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 15000ملین ڈالر کی لاگت کے 5سی پیک انفراسٹریکچر  پراجیکٹس  شامل ہیں جن میں سے لاہور-ملتان موٹروے،سہراب-خوشاب اورگوادار-تربت –خوشاب تکمیل کے  مرحلے کو پہنچے ہیں جبکہ ہکلہ-ڈی آئی خان موٹروے اورژوب-کوچلک ایکسپریس وے پر کام کی پیش رفت جاری ہے۔

سی پیک کے تحت سرمایہ کاری اورصنعتی تعاون کے شعبے میں کیا پیشرفت ہوئی ہے؟

         صنعتی تعاون سی پیک کا ایک اہم ترین شعبہ ہے۔ دونوںممالک کے درمیان اقتصادی تعاو ن کو وسعت دینے اور بڑھانے کے ساتھ ساتھ ترقی کی نئی راہیں ہموار کرنے کے لئے صنعتی تعاون نہایت اہمیت کی حامل ہے۔یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے کہ اس شعبےمیں تعاو ن کے فروغ  کے  بڑے مواقعوں کو بروئے کار لاکرروشن مستقبل کو یقینی بنیایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں چین کو تجربہ ، ٹیکنالوجی ، فنانسنگ اور صنعتی صلاحیتوں کا امتیاز حاصل ہے جبکہ پاکستان اپنے وسائل ،افرادی قوت اور مارکیٹ کے سازگار حالات سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ  دونوں ممالک صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے آگے بڑھ کر باہمی مفاد ات اور وِ ن ٹو وِن  نتائج  حاصل کر سکتے ہیں۔

        اسی طرح سی پیک کے فریم ورک کے تحت دونوں ملکوں نے دو صنعتی تعاون کےمنصوبوں کاآغاز کیا  جن میں ہائیر- روبا اکنامک زون (2006)فیز ٹو اور گوادر فری زون شامل ہیں۔ یکم ستمبر 2016 کو گوادر فری زون کی سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تاجر برادری کی سی پیک کی جانب توجہ مبذول ہوئی۔ سی پیک فریم ورک کے تحت چائینہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (سی او پی ایچ سی)نے گوادر فری زون کی تعمیر کو یقینی بنایاہے۔ چین اپنے دیرینہ دوست اور فریق ملک پاکستان کو اعلی معیار کی صنعتی صلاحیتیں فراہم کرنے اور معروف چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کا خواہاں ہے۔ دریں اثنا پاکستان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ خصوصی اقتصادی علاقوں کے مقامات کا خوش اسلوبی اور سوچ و بچار کے ساتھ تعین کرے گااور ان میں باہمی اتفاق رائے والے خصوصی اقتصادی علاقوں میں ترجیحی پالیسیاں وضع کرنے کے ساتھ ساتھ سازگار موحول اور سہولیات فراہم کرے گا۔اسی طرح دونوں فریق ممالک صنعتی تعاو ن کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ گفت و شنید کرتے رہیں ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک مرحلہ واروِن-وِن پراجیکٹس کے ذریعے سے اقتصادی اور معاشرتی فوائد حاصل کریں گے۔

       چینی حکومت نے راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے لئے بلا سود قرضوں فراہم کیے ہیں اور اس کی تعمیر اپریل 2016 میں شروع ہوئی۔ اس کے علاوہ  متعلقہ چینی کمپنی نے پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیرسٹریل ملٹی میڈیا براڈکاسٹ کے استعمال سے متعلق فزیبلٹی اسٹڈی کو حتمی شکل دی ہے۔ دونوں ممالک سی پیک کی طویل المدتی منصوبہ بندی پر کام کر رہے ہیں اور اس کا مسودہ مکمل ہوچکا ہے۔

    پاکستان کے مغربی علاقوں میں سی پیک کے کون سے منصوبے ہیں؟

            سی پیک میں مجموعی طور پر پاکستان کے لئے تعمیر و ترقی کے  بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس سے نہ صرف مغربی خطے کے عوام بلکہ پورے ملک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان کے مغربی علاقوں میں سی پیک کے کئی منصوبے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ مثال کے طور پر قراقرم ہائی وے (تھاکوٹ تا حویلیاں) فیز ٹو اور اور سکی کناری پن بجلی گھر خیبر پختونخوا میں واقع ہیں۔ اسی طرح چین پاکستان کراس بارڈر فائبر آپٹک کیبل پراجیکٹ اور ایم ایل 1 ریلوے اپ گریڈیشن (دسمبر 2016 ء تک زیرِ بحث فریم ورک معاہدہ) بھی خیبر پختونخوا سے گزرتا ہے۔ پشاور اور کوئٹہ کو سی پیک کی سڑکوں میں مرکزی حیثیت کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ جوائینٹ کوآپریشن کمیٹی کے پانچوی اجلاس میں منظور شدہ سی پیک ٹرانسپورٹ مونوگرافک اسٹڈی میں برہان۔ڈی۔آئی خان اور کوئٹہ تا سہراب سڑکیں شارٹ ٹرم پراجیکٹس کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔جبکہ گوادر پورٹ ، گوادر فری زون ، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے ، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، گوادر کول فائرڈ پاور پلانٹ اور حبکو کول فائرڈ پاور پلانٹ جیسے تمام منصوبے صوبہ بلوچستان میں ہیں۔

         امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبے روزگار اور ٹیکس کی وصولی کو فروغ دینے ، صوبائی طور پرزمینی رابطہ سازی کو مستحکم کرنے ، معاشی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

سی پیک پاکستان کے تمام خطوں کو کس طرح بہتر فائدہ پہنچا سکتا ہے؟

        چین اور پاکستان “ون کوریڈور ، ملٹیپل پیسیجز” کی بنیاد پر اتفاق رائے کر چکے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے تمام صوبوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کو ٖفروغ دینا اور گوادر بندرگاہ تک موثر رابطہ سازی کی فراہمی ہے۔ مغربی روٹ یقینی طور پر سی پیک کا ایک اہم حصہ ہے۔ ابھی پاکستان کے مغربی علاقوں میں سڑک کے رابطے کوآگے بڑھانے کے لئے بے حد کوششیں کی جارہی ہیں اور چین پاکستان کے مغربی اور شمالی علاقوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے سازگار حالات پیدا کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ مختلف منصوبوں کے نفاذ کے ساتھ سی پیک پاکستان کے مختلف حصوں میں معاشی ترقی کو فروغ دینے اور معیار زندگی کو بلند کرنے میں تیزی سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔