ایران سی پیک منصوبہ کو پورے خطے کے لئے ترقی و خوشحالی کا اہم محرک تصور کرتے ہوئے شمولیت کا خواہشمند۔۔۔۔۔ایرانی اتاشی برائے پاکستان۔
ایران نے چائینہ-پاکستان اکنامک کوریڈور میں شمولیت میں خواہشمندی ظاہر کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے کمرشل اتاشی برائے پاکستان مراد نعمتی زرگارن نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ نے پاکستان اور ایران کے لئے ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے تاجروں کے ساتھ منعقد ہونے والی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران سی پیک منصوبہ کو پورے خطے کے لئے خوشحالی کا اہم محرک تصور کرتے ہوئے اس میگا پراجیکٹ میں شمولیت کا متمنی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے تجارتی شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کے ذریعے سے کئی شعبوں بشمول بنکاری کے نظام کو فعال کرنے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اس اجلاس میں کے سی سی آئی کے نائب صدر شاہد اسماعیل نے ایرانی اتاشی کا خیر مقدم کرتے ہو کہنا تھا کہ بنک دولت پاکستان نے ایرانی حکومت کو ایرانی بنک مرکزی جمہوری کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے لئے ڈرافٹ پیش کیا ہے۔