ایف ایم98دوستی چینل نے چین کے نئے قمری سال کاجشن منایا
.
چین کے نئے قمری سال کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے پاکستان میں ریڈیو چینل ایف ایم 98 دوستی چینل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر الدین محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دوست ملک چین کے نئے سال کی تقریبات کا اہتمام کرنے کی روایت قائم ہوئی جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا ایک ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر نئے چین سال کی خوشی منا رہی ہے جو کہ بہت خوش آئند ہے اور ایسی مزید تقریبات کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دوستی ریڈیو پاکستانی عوام میں چینی ثقافت اور طرز معاشرت سے متعلق معلومات اور آگاہی فراہم کرتا ہے جس سے باہمی عوامی رابطوں کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔ اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامورپنگ چن شوئے نے اپنے ویڈیو پیغام میں چائنا میڈیا گروپ اور ایف ایم98 دوستی چینل کو چینی نئے سال کی تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال نو ایک ایسا موقع ہوتا ہے جس میں گزشتہ سال کا جائزہ اور مستقبل کا خیر مقدم کیا جا تاہے۔ چینی ناظم الامورنے کہا کہ سال 2022چین پاکستان تعلقات کے حوالے سے یادگار رہا،ہمارے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے تمام امور میں تعاون اعلی سطح پر رہے۔