سرمایہ کاری بورڈ کے چئیرمین کی چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے فیصلے کا خیر مقدم۔۔۔۔
سرمایہ کاری بورڈ کے چئیرمین زبیر گیلانی نے چینی پیداواری صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے اس اقدام سے صنعتی شعبے کی بہتری کے علاوہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی پیداواری کمپنیوں کی پاکستان کے خصوصی اقتصادی علاقوں میں منتقلی سے نہ صرف شرح نمو میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے مقامی روزگار پر بھی دوررس نتائج مرتب ہونگے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کی کئی کمپنیاں سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت اپنی پیداواری صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کی ٹیکسٹائل،لیدر،انجینئرنگ اور الیکٹرانکس مصنوعات کے پیداواری گروپس اپنی صنعتوں کو پاکستان کے بڑے صنعتی شہروں میں منتقل کرنے کی خواہشمند ہیں۔اور ان صنعتوں کی منتقلی سے مقامی تاجروں کو چینی اداروں کے ساتھ مشترکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے علاوہ مقامی صنعتوں کی پیداواری استعداد کو بڑھانے کے بھی مواقع میسر آئیں گے۔