سی پیک بیرونی سازشوں سے قطع نظر چینی سرمایہ کاری ،اور پائیدارتعمیرو ترقی کا روشن باب ،محقق
.
ایشیاء سٹیڈی سنٹر (ایس ڈی پی آئی) کے ڈائریکٹر شکیل احمد رامے نے سی پیک کے حوالے سے مغربی میڈیا کی سازشوں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے پاکستان کے لئے چینی قرضوں کے جال سے متعلق سازشیں غلط بیانی پر بنی ہیں کیونکہ سی پیک کے تحت پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری کے نتائج کو واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے نیز ان منصوبوں نے کافی مثبت تبدیلیاں رونما کیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوئیں ، انفراسٹرکچر میں بہتری آئی اور توانائی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہواہے۔ اب اس کےدوسرا مرحلے کے تحت صنعت کاری کو فروغ دیا جا رہاہے جس سے پاکستان کی پیداوار اور برآمد ات کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اسی طرح سی پیک کے دوسرے مرحلے دو کے تحت زرعی جدید کاری ، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے پاکستان میں صنعتی انقلاب کی جانب ایک بہترین قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ان اہم پیشرفتوں سے عیاں ہوتا ہے کہ سی پیک قرضوں کے جال پر مبنی سفارتی حربہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا ایک روشن باب ہے جس کا پاکستان ایک عرصے سے متلاشی تھا۔