پاکستانی تاجروں کی برآمدات میں اضافہ کے لئے چین میں ”پاکستان پویلین” کا قیام۔۔۔۔
پاکستانی تاجروں نے پاکستان مصنوعات کی نمائش کے لئے چین کے صوبہ زی جیانگ کے شہر یوئی میں ”پاکستان پویلین” کا قیام عمل میں لایا ہے۔ اس پویلین کا قیام چین میں موجود پاکستانی تاجروں نے چائینہ-پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کی تجدید کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جسکا مقصد پاکستانی مصنوعات کی چین کو برآمدگی میں اضافہ ہے۔ چین میں تعینات پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے اس پویلین کا افتتاح کیا ہے اور اس پویلین کا قیام کچھ خاص مقاصد کو ملحوظِ نظر رکھ کر عمل میں لایا گیا ہے۔پاکستان پویلین کی بنیاد رکھنے والے جہانزیب آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستانی تاجر جو ذاتی طور پر پویلین کا رخ نہیں کر سکتے وہ بھی اس پویلین میں نمائش کے لئے اپنی مصنوعات کو بجھوا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین میں مختلف اشیاء جن میں نمک لیمپس، کھیلوں کے سازومان، کاپر اور کرومائیٹ کے بنے تزئین و آرائش کے سامان، کارپٹس اور مصالحہ جات شامل ہیں، کی بہت مانگ ہے جن کو چین برآمد کرکے پاکستانی برآمدات میں واضح اضافہ کیا جا سکتا ہے۔