Home Latest News Urdu پاکستان اور چین کے ترجمانوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
Latest News Urdu - October 27, 2026

پاکستان اور چین کے ترجمانوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور چین کی وزارت خارجہ کے ترجمانوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں میڈیا تعاون، تزویراتی ابلاغ اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مذاکرات میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان اور چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے شرکت کی۔ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے بالخصوص میڈیا روابط، تزویراتی ابلاغ اور عوامی سفارت کاری کے شعبوں میں اشتراک عمل بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقوں نے باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور پاکستان و چین کی دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے قریبی رابطہ کاری، باقاعدہ مشاورت اور وفود و معلومات کے تبادلوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ دورہ پاکستان کے دوران چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں چین کے سفیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے باہمی اعتماد، احترام اور ایک دوسرے کی غیرمتزلزل حمایت پر مبنی پاکستان اور چین کی ہر موسم کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میڈیا تعاون، تزویراتی ابلاغ اور عوامی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

Comments Off on پاکستان اور چین کے ترجمانوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Check Also

سی پیک 2.0 کے تحت چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور باضابطہ لانچ کر دیا گیا

…