پاکستان بہت سے شعبوں میں چینی تجربات سےاستفادہ حاصل کر سکتا ہے،ڈاکٹر عطا الرحمان
.
چیئرمین پی ایم نیشنل ٹاسک فورس آن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور بانی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹرعطا الرحمان لکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے چینی وزیراعظم سے ملاقات میں پاک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام کے لیے مضبوط تعاون کی درخواست کی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ نئی یونیورسٹی پاکستان میں چین، آسٹریا، جرمنی، برطانیہ اوردیگر ممالک کی زیرِ نگرانی اور تعاون سے قائم ہونے والے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی یونیورسٹیاں ہمارے سائنسدانوں کو تربیت دینے اور مصنوعی ذہانت، بلٹ ٹرین (ہائی سپیڈ ٹرین) کی تیاری، میٹریل انجینئرنگ اور جدید زراعت جیسے شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کی منتقلی میں کردار دا کریں گی۔ انہوں نے چین کی طرح ہائی ٹیک (ہائی ویلیو) مصنوعات کی تیاری اور برآمد کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ چین کی طرح پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ وہ سرکاری اداروں میں کام کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئروں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ سائنسی و ٹیکنالوجی کی تحقیق کے سلسلے کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھائیں۔