چینی سفیر کی ماضی میں چین کی ترقی کے لئے پاکستان کی معاونت کو خراجِ تحسین۔۔۔۔
چینی سفیر برائے پاکستان یاؤ جنگ نے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹیڈیز اسلام آباد کے چائینہ-پاکستان سٹیڈی سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات باہمی اعتماد کے باعث مضبوط سے مضبوط تر ہوتے ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک مشکلات کے باوجود باہمی مدد کے ذریعے سے پورے خطے میں امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار سٹریٹیجک شراکت داری کی اصطلاح کودراصل دونوں ملکوں کی دوستی کو مستحکم کرنے کے محرک کے طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔انہوں نے ماضی میں چین کی تعمیر و ترقی اور کامیاب خارجہ پالیسی میں پاکستان کی مدد کو نہایت قابلِ ستائش قرار دیا۔اس کے علاوہ انہوں نے چین کی پہلی نجی ہوائی کپمنی کے قیام میں پاکستان ائیر لائنز کی مدد کے علاوہ سٹاک ایکسچینج کی شروعات میں بھی پاکستان کی معاونت کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ انہوں نے مقامی اور بین القوامی اعتبار سے بھی پاکستان کو چین کا پائیدار اور قابلِ اعتبار دوست قرار دیا۔