اکتوبر کے دوران چین کو پاکستان کی برآمدات میں 70 فیصد اضافہ۔
.
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا ہے کہ اکتوبر کے دوران چین کو پاکستان کی برآمدات میں 70 فیصد اضافہ ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کو پاکستان کی برآمدات رواں سال اکتوبر میں 368 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 70 فیصد اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پاکستان کی طرف سے چین کو برآمد کی جانے والی اہم مصنوعات میں تل، سمندری غذا، چاول اور دیگر زرعی مصنوعات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں یہ اضافہ رواں سال کراچی میں ہونے والی فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو میں 200 سے زائد چینی تاجروں کی شرکت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے چینی تاجروں اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ کئی ملاقاتوں کا اہتمام کیا اور ہمیں مزید مثبت نتائج کے لیے اس پر کام جاری رکھنا چاہیے۔