حکومت سپیشل اکنامک زونز میں تجارت کے فروغ کے لئے صنعتکاروں کو 10سال کے لئے محصولات میں خصوصی رعائتیں فراہم کرے گی۔۔۔۔
مشیر وزیراعظم برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق نے قومی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں سپیشل اکنامک زونز میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سرمایہ کاروں کو ٹیکسٹائل، آئی ٹی مصنوعات،فوڈ پراسیسنگ،مال برداری اور آٹو موبائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی ہے تاکہ وہ اپنی سرمایہ کاری سے بہتر منافع کما کر اپنی تجارت کو وسعت دے سکیں۔اس اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین سید شبر زیدی اور سرمایہ کاری بورڈ کے چئیرمین زبیر گیلانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔مشیر وزیر اعظم برائے تجارت نے اس موقع پرسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کی جانب سے پلانٹس اور بھاری مشینری کی تنصیب کی صورت میں یک بار کسٹم ڈیوٹی اور درآمدات کے محصولات سے مستثنٰی قرار دینے کے فیصلے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے سپیشل اکنامک زونز میں 30جون 2020تک تجارت کا آغاز کرنے والے صنعتکاروں کو اگلے دس سالوں کے لئے تجارتی پیداوار میں ٹیکس سے مستثنٰی قرار دینے سے متعلق اہم فیصلے کا اعلان کیا- ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اہم منصوبہ بندی سے مشروط فیصلوں کے ذریعےسپیشل اکنامک زونز میں بہتر انفراسٹریکچر کی فراہمی سےسرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچائے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔