سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے سی پیک کا سپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر نظر ثانی۔۔۔۔۔
سرمایہ کاری بورڈ کے عہدیدار کے مطابق سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے سی پیک نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی علاقوں کو خطے کے دیگر سپیشل اکنامک زونز کے مقابلے میں لانے کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔اسی طرح پاکستان کے خصوصی اقتصادی علاقوں کو کامیاب بنانے اور ان سے دیرپا فوائد حاصل کرنے کے لئے کئی کاوشوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا ہے۔حکومتِ پاکستان خصوصی اقتصادی علاقوں کو مستفید کرنے کے لئے چین کے تجربات سے استفادہ کرکے چین کی طرح ہی رعائتیں اور منافع حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز ایکٹ 2012 کےتحت سپشل اکنامک زونز کو بحال اور فعال کرنے کے لئے صنعتوں کی تنصیب اور سرمایہ کاری سے متعلق سامان کی پاکستان درآمد پر ایک دفعہ تمام کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے مستثنٰی قرار دیا جا رہا ہے۔اسی طرح سپیشل اکنامک زونز میں تجارتی سرگرمیوں کے لئے ایک دفعہ صنعتوں کی تنصیب کی صورت میں کسٹم ڈیوٹی میں مکمل رعائیت دی جا رہی ہے جبکہ10سال کے لئے آمدن پر ٹیکسوں میں خصوصی رعائیت بھی دی جا رہی ہے جس کی سہولت 30 جون 2020 تک میسرہوگی۔اس کے علاوہ خصوصی اقتصادی علاقوں میں سامانِ تجارت کی برآمد و درآمد میں آسانی کے لئے ڈرائی پورٹ کی سہولت فراہم کرنے کی تجاویز بھی قابلِ غور ہیں۔