سی پیک کی کامیابی افغانستان تک اس کی توسیع کے ساتھ وابستہ ہے۔
.
سی پیک کی بدولت پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے میں غیر معمولی سطح پر بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ ہم اس کامیابی کو تسلیم کرتے ہیں تو ہمیں اس حقیقت کو بھی دھیان میں رکھنا ہوگا کہ سی پیک کے نتیجے میں چین کی طرف سے جس خوشحالی کا خواب دیکھا گیا ہے اس وقت تک اس کی تعبیر نہیں ہوگی کہ جب تک دونوں ممالک اس عظیم منصوبے کو پڑوسی ممالک تک بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششیں نہ کریں۔ اس سلسلے میں افغانستان سی پیک کے ذریعے سے رابطہ سازی سے فائدہ اٹھانے کے لئے پاکستان کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی روابط کی بدولت ایک بہترین پوزیشن میں ہے۔ مثال کے طور پرطورخم سے جلال آباد تک تعمیر ہونے والی شاہراہ کوکابل تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح گوادر بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کے بعد گوادر-چمن شاہراہ مال بردار ٹریفک کے لئے ایک منافع بخش راستہ ہوگا اور اس سے افغانستان سے پاکستان جانے کے لئے مال برداری میں آنے والے وقت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔