Home Latest News Urdu مریم نواز کا چینی کمپنیوں کو پنجاب میں ’ون ونڈو آپریشن‘ سہولت دینے کے عزم کا اظہار
Latest News Urdu - December 15, 2024

مریم نواز کا چینی کمپنیوں کو پنجاب میں ’ون ونڈو آپریشن‘ سہولت دینے کے عزم کا اظہار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورہ چین میں انوسٹمینٹ کانفرنس کے دوران چینی کمپنیوں کو پنجاب میں ون ونڈو آپریشن سے سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوکل پرسن مقرر کرنے، ورکنگ گروپ اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا۔ ڈان نیوز کے مطابق دورہ چین کے چھٹے روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت گوانگ ژو میں انویسٹمنٹ کانفرنس ہوئی جس میں انہوں نے چینی کمپنیوں کو پنجاب میں ون ونڈو آپریشن سے سہولت دینے کا فیصلہ کیا اور فوکل پرسن مقرر کرنے، ورکنگ گروپ اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کو چینی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے لیے سازگار قرار دیا، انہوں نے واضح کیا کہ چینی کمپنیوں کے لیے پنجاب میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین وقت ہے۔ گول میزکانفرنس میں چین اورہانگ کانگ کی 60 ہزار سے زائد نمایاں کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی، چین کی نمایاں کمپنیوں کے نمائندوں نے اپنے اداروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، مریم نوازنے چین کی ٹیکنالوجیز کمپنیوں کو آپریشن شروع کرنے کی دعوت دی تو چینی ٹیکنالوجی کمپنیز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کااظہار کیا۔ چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژن کو سراہا، اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے ’نو ٹو پلاسٹک‘ مہم شروع ہوچکی ہے، ماحول کو متاثر کرنے والے پلاسٹک کی خرید و فروخت اور تیاری پر پابندی عائد کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت کوجدت کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے میکانائزیشن کی جارہی ہے جبکہ سستی بجلی کے حصول کے لیے ونڈ مل، سولر انرجی اور قابل تجدید انرجی کے ذرائع پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں جدت لانا وقت کی ضرورت ہے، پنجاب میں ای کامرس، انکیوبیٹر سینٹر، ای لرننگ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ان دنوں سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ چین میں موجود ہیں، دورے کے دوران انہوں نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی تھی، سربراہ چینی وفد نے کہا تھا کہ مریم نوازشریف اور ان کے وفد کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتے ہیں۔

Comments Off on مریم نواز کا چینی کمپنیوں کو پنجاب میں ’ون ونڈو آپریشن‘ سہولت دینے کے عزم کا اظہار

Check Also

سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا بیجنگ میں پانچواں اجلاس، معاشی ترقی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار۔

سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے بین الاقوامی تعاون کے پانچویں اجلاس میں منصوبوں کی پیش ر…