وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرِ صدارت چینی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس۔
.
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرِ صدارت چینی منصوبوں پر کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چینی توانائی پلانٹس کو واجب الادا رقم بڑھ کر 529 ارب روپے ہو گئی ہے، چینی سپلائیرز کو پاور خریداری کی ادائیگیاں ان کی رسیدوں کے مطابق نہیں، اس کی وجہ گردشی قرضوں پر قابو پانے اور انرجی فریم معاہدے پر عمل درآمد میں ناکامی ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے سی پیک توانائی منصوبوں کے ضمن میں خودمختار آئی پی پیز کی واجب الادا رقوم جلد جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جبکہ اجلاس میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کو سستی بجلی کی فراہمی پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔ رشکئی سپیشل اکنامک زون کی جانب سے بجلی کی تقسیم اور فراہمی کیلئے نیپرا کے لائسنس کیلئے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ علاقائی مسابقت میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے چین اور دیگر ممالک سے ہونے والی سرمایہ کاری کیلئے موجودہ مراعات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔