وزیر اعظم شہاز شریف کا ایس سی او پلیٹ فارم سے مربوط، خوشحال خطے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنےپر زور۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں پر زور دیا ہے کہ مربوط اور خوشحال خطے کے لیے مل کر کام کریں۔وہ آج اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے 23ویں اجلاس میں قومی بیانیہ دے رہے تھے۔ شہباز شریف نے خوشحال مستقبل کے لیے راوبط بڑھانے، غربت کے خاتمے، موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے اقدام اور وسیع تر کاروباری تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان تیز تر روابط کے لائحہ عمل کے قیام کی اہمیت پر زور دیا ہے جو نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ باہمی طور پر جڑ ے ہوئے یورپ اور ایشیاء کے ویژن کو بھی فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام اور بین الاقوامی شمالی جنوبی نقل و حمل کی راہداری جیسے منصوبوں کوتوسیع دینی چاہیے جس میں سڑک، ریل اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان توانائی تعاون 2030 کی ترقی اور سرمایہ کاروں کی ایسوسی ایشن کے قیام کو یقینی بنانے اور اس کی توثیق کے فیصلوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بلند عزائم کی تکمیل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم نے مستحکم افغانستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسیع مواقع کے مکمل ادراک کیلئے نہ صرف ضروری بلکہ ناگزیر ہے۔
سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا بیجنگ میں پانچواں اجلاس، معاشی ترقی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار۔
سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ برائے بین الاقوامی تعاون کے پانچویں اجلاس میں منصوبوں کی پیش ر…