Home Latest News Urdu وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے میں آئی ڈی سی پی سی کے کردار کو سراہا۔
Latest News Urdu - June 22, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے میں آئی ڈی سی پی سی کے کردار کو سراہا۔

.

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سی پیک پر پاکستان اور چین کے درمیان مکمل سیاسی اتفاق رائے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا اور سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ لیو جیان چاؤ وزیر اعظم کے حالیہ دورہء چین کے بعد ہونے والی پیشرفت کا حصہ ہے۔چینی وزیر اور ان کے وفد کے ارکان کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں اور پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کو پاک چین پولیٹیکل پارٹیز فورم کی کامیاب تنظیم اور سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی میکنزم (جے سی ایم) کے تیسرے دور پر مبارکباد دی۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بزنس ٹو بزنس اور صنعتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا نیا مرحلہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تاریخی اور منفرد اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ اپنے حالیہ دورہء چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ کے ساتھ ہونے والی نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا اور پاک چین اسٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے میں اس راہداری کی اپ گریڈیشن کے لئے مل کر کام کرنے کے چینی قیادت کے وژن کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے تمام جاری اور نئے منصوبوں کی جلد تکمیل اور ان پر عمل درآمد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور جامع ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Comments Off on وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے میں آئی ڈی سی پی سی کے کردار کو سراہا۔

Check Also

بیجنگ میں ماہر افرادی قوت کی تیاری’ روشن مستقبل کی تعمیر کے حوالے سیووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ فورم کا انعقاد

ماہر افرادی قوت کی تیاری’ روشن مستقبل کی تعمیر کے حوالے سے چین پاکستان ٹیکنیکل اینڈ …