وزیر اعظم عمران خان اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے مابین پاک چین دوطرفہ سفارتی تعلقات کی 70 سالہ سالگرہ پر مبارکبادی خطوط کا تبادلہ۔
.
وزیر اعظم عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ نے پاک چین دوستی کی 70 سالہ سالگرہ پر مبارکباد اور خراجِ تجسین پیش کرنے کے لئے
ایک دوسرے کو خصوصی خطوط لکھے ہیں۔تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کووڈ۔19 کے خلاف جنگ میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سی پیک کو تیزی سےمکمل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اپنے خط میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام نے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم کرنے کے لئے ناقابل فراموش کوششیں کیں ہیں اور یہ دو طرفہ وقت آزمارشتہ باہمی احترام ، باہمی اعتماد اور باہمی افہام و تفہیم کی پائیدار اقدار کے ساتھ قائم ہے۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا ہےکہ چین اور پاکستان دوستانہ تعلقات کے حامل پڑوسی ممالک ہیں اور ان کی یہ دوستی چٹانوں سے زیادہ مضبوط اور سمندرسے زیادہ گہری ہے۔