وزیر خزانہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک فیز 2 میں تیزی لانے کا عزم
.
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں پاکستانی معیشت کیلئے چینی تعاون کو سراہا اور سی پیک فیز 2 پر کام تیز کرنے کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اور چینی ہم منصب کی جانب سے بین الاقوامی اداروں میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے متعلق ہے جبکہ دوسرا سی پیک فیز 2 اقتصادی زونز کی فعالیت سے متعلق ہوگا، پاکستان مالی سال 26-2025 کےدوران چینی پانڈا بانڈ لانچ کرنا چاہتا ہے۔ وزیر خزانہ نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں تیزی لانے کیلئے حکومت پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ اس دوران محمد اورنگزیب نے پاکستان میں چینی شہریوں پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، وزیر خزانہ نے چینی شہریوں کے تحفظ کا عزم بھی دہرایا۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایف سی حکام سے بھی ملاقات ہوئی، اس دوران محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے توسیعی پروگرام سے آگاہ کیا، توانائی کے شعبے اور ٹیکس اصلاحات پر بھی بات چیت کی گئی، انہوں نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں تعاون پر آئی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔