پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں،چینی وزیر لیو جیان چاؤ
.
چینی وزیر لیو جیان چاؤ نےکہا ہے کہ سرمایہ کاری کےلیے سیکیورٹی صورتِ حال کو بہتر بنانا ہوگا، سیکیورٹی بہتر ہوگی تو تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے، ترقی کےلیے اندرونی استحکام ضروری ہے۔ مشاورتی میکینزم اجلاس کے انعقاد کو چینی وزیر نے خوش آئند قرار دیا۔ جیان چاؤ نے کہا کہ چینی قیادت دونوں ملکوں کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی، یہ دورہ دونوں ممالک کے قائدین کے درمیان ملاقاتوں کا فالواپ ہے، پاکستان اور چین باہمی مفادات کے لیے سی پیک منصوبہ جاری رکھنے پر متفق ہیں۔ سی پیک پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر چینی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے، سی پیک ایک کامیاب منصوبہ ہے، عالمی چیلنجز کے تناظر میں پاک چین پارٹنرشپ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، ہماری حکومتیں اور سیاسی جماعتیں پاک چین دوستی کےلیے کام کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تین سال کا تعطل رہا، اب ہم پاکستانی بہن بھائیوں کو چین آنے کی دعوت دیتے ہیں، پاکستانی بہن بھائیوں کی میزبانی کے شکر گزار ہیں۔ چینی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان سیاسی قیادت کو چین کے دورے کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان پارٹنرشپ آگے بڑھ رہی ہے۔