Home Latest News Urdu پاکستان اور چین کا ذرائع ابلاغ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق
Latest News Urdu - October 21, 2023

پاکستان اور چین کا ذرائع ابلاغ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق

.

پاکستان اور چین نے ذرائع ابلاغ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاقِ رائے اطلاعات و نشریات کے وزیر مرتضیٰ سولنگی اور چین کی پولیٹیکل قونصلر BAO ZHONG کے زیر قیادت چینی میڈیا کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران ہوا۔ فریقین نے پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ذریعے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے میڈیا وفود تبادلے کے ذریعے مشترکہ رپورٹنگ کے شعبے میں عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو اقتصادی ترقی کے ذریعے خطے میں امن و خوشحالی لانے کا عملی نمونہ ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستی کو عوامی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے ذرائع ابلا غ کے اہم کردار پر زور دیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت اعلیٰ اور معیاری ترقی کے نئے مرحلے کے دوران چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ چین کی پولیٹیکل قونصلر نے کہا کہ سی پیک کو باہمی دوستی کی راہداری بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کا ملک پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور صنعتی شعبوں میں موجودہ تعاون میں مزید اضافہ کرے گا۔

Comments Off on پاکستان اور چین کا ذرائع ابلاغ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق

Check Also

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد کی ملاقات

وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت پر بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد، چینی کمپنی کا پاکستان میں …