پاکستان چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس اختتام پذیر، 1.492 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان۔چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 1.492 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ دو روزہ کانفرنس میں فارماسیوٹیکل، بائیوٹیکنالوجی، ویکسین، اے پی آئی مینوفیکچرنگ، میڈیکل ڈیوائسز اور کلینیکل ٹرائلز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا، جبکہ حکومت نے سی پیک 2.0 کے تحت صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے صحت مختار احمد بھرتھ نے اسے پاکستان اور چین کے درمیان صحت کے شعبے میں تاریخی شراکت داری قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ چینی کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید طبی ٹیکنالوجی متعارف کرانے، پیدائشی نقائص اور موروثی بیماریوں کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے اور پاکستان میں مستقبل میں مزید سرمایہ کاری اور مقامی پیداواری یونٹس قائم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔





