چینی سرمایہ کاری پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی،وزیراعظم شہباز شریف
.
اسلام آباد میں پاک چین بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط بزنس ٹو بزنس شراکت داری قائم کرنے پر زور دیا ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چینی بزنس ہاوسز کے ساتھ جڑنے کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ مزید برآں، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ سی پیک کاروباری تعلقات کو مستحکم کرنے میں گیم چینجر ثابت ہوا ہے اور اب تک چینی کمپنیاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے توانائی کے منصوبوں کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔