Home Latest News Urdu چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے: محسن نقوی
Latest News Urdu - November 7, 2024

چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور زخمی چینی شہریوں اور ان کی فیملیز سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ چینی شہریوں کیلئے محفوظ و پر امن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے، واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، پاکستان اور چین آہنی بھائی اور پائیدار شرکت دار ہیں۔ ملاقات کے دوران مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے اور عملی تعاون میں جامع پیش رفت ہوئی ہے، اس تناظر میں ایک محفوظ اور مستحکم تعاون کا ماحول انتہائی اہم ہے، چین دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تیار ہے۔ جیانگ زی ڈونگ نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق دریافت کیا اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان کو خط لکھا ہے اور انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Comments Off on چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے: محسن نقوی

Check Also

بیجنگ میں ماہر افرادی قوت کی تیاری’ روشن مستقبل کی تعمیر کے حوالے سیووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ فورم کا انعقاد

ماہر افرادی قوت کی تیاری’ روشن مستقبل کی تعمیر کے حوالے سے چین پاکستان ٹیکنیکل اینڈ …