چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات بنانے کا پلانٹ لگائے گی، معاہدہ طے پاگیا
چین کی کمپنی صوبہ پنجاب میں میں روبوٹک زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگائے گی، اس حوالے سے معاملاے طے پاگئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ چین کے پہلے دن دارالحکومت بیجنگ میں کاشتکاروں اور زراعت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر ستخط ہوئے، جس کے تحت چینی کمپنی پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب اور اے آئی فورس ٹیک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں جنہوں نے اے آئی فور س ٹیک کے بانی ڈاکٹرہان اور سی ای او سے ملاقات کی اور صوبے میں جدید زرعی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے روبوٹک ٹیکنالوجی سے مزین جدید ترین زرعی آلات کا معائنہ کیا اور صوبے میں ایگریکلچر سیکٹر میں روبوٹیک مشینری اور ٹولز متعارف کرانے کے عزم کا اظہار اظہار کیا۔ اس دوران مریم نواز نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اپنا کر کاشتکار کو خوشحال بنانا ہمارا عزم ہے، اے آئی فور س ٹیک پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گا، اس سلسلے میں اے آئی فور س ٹیک کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا۔