چین اور پاکستان کی دوستی جنوبی ایشیا میں استحکام کا مستقل ذریعہ ہے، خلیل ہاشمی
.
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن، ترقی اور استحکام کا ایک مستقل ذریعہ ہے۔ انہوں نے چین اور جنوبی ایشیا کے درمیان تعاون پر سنگھوا یونیورسٹی کے زیر اہتمام ورلڈ پیس فورم 2025 میں اپنے ریمارکس میں دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور منفرد تعلقات پر روشنی ڈالی جو باہمی احترام، مساوات اور اچھی ہمسائیگی کے جذبات پر قائم ہیں جن میں جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان بھی تعاون پر مبنی ہم آہنگی اور باہمی فائدہ مند تعلقات پر زور دینا شامل ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی اور امن کے درمیان مربوط رابطے پر زور دیتے ہوئے چین کے گلوبل سکیورٹی انیشیٹو (جی ایس آئی)، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو (جی سی آئی )کو سراہاجس میں اقوام بشمول جنوبی ایشیاکے درمیان بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کیا گیا ہے ۔ پاکستانی سفیر سی پیک کے تحت اہم سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کے ترقی کے سفر میں تعاون کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے وقت میں کی گئی جب پاکستان کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی ۔ انہوں نے مشترکہ مستقبل کی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے سی پیک کو قدیم شاہراہ ریشم کا جدید دور کا مظہر قرار دیا جو چین اور جنوبی ایشیا کو جوڑتا ہے، عوامی اور تجارتی روابط کی سہولت فراہم کرتا ہے ۔