چین ہماراعزیز ترین دوست،بہترین ہمسایہ اور پُر اعتماد ساتھی ہے۔وزیر خارجہ، شاہ محمود قریشی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سہ فریقی افغان ڈائلاگ کے پہلے روز کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان چین کو نہ صرف ایک عزیز ترین دوست ملک سمجھتا ہے بلکہ بہترین ہمسایہ اور پر اعتماد ساتھی کے طور پر دو طرفہ رفاقت کو ملکی اثاثہ تصور کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کا علاقائی رابطہ سازی کے فروغ کے لئے کوششیں پاکستان اور افغانستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے لئے فائدہ مندثابت ہورہی ہیں۔واضح رہے کہ چین،افغانستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے مابین اعلٰی سطحی مذاکرات کا پہلا دور 2017میں شروع ہوا جس میں باہمی دلچسپی کے امور میں تعاون خصوصاً معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ امن و استحکام کے لئے دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا تھا۔سہ فریقی مزاکرات کے پہلے دو ادوار کو سہ ملکی ڈائلاگ کا نام دیا گیا جو بالترتیب بیجنگ اور کابل میں منعقد ہوئے اور اب اس کا چوتھا دور اگلے سال بیجنگ میں شروع ہوگا۔ان ملاقاتوں میں افغان امن عمل کو تینوں ملکوں کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے مشرکہ طور پر امن عمل کے لئے راہ ہموار کرنے کے علاوہ مفاہمت کے اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔