چینی سفیر نونگ رونگ کی جانب سے پاکستانی ایتھلیٹس کو بیجنگ 2022 وِنٹر اولمپکس میں شرکت کی دعوت۔
.
چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین فروری 2022 میں بیجنگ وِنٹر اولمپکس کے انعقادکے لئے تیاری کر رہا ہے اس سلسلے میں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ مزید برآں انہوں نے 24 ویں اولمپک وِنٹر کھیلوں میں تعاون پر حکومتِ پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا کیونکہ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نےاس میگا ایونٹ کے انعقاد پر چین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کاحوالہ دیا جس میں صدرِ پاکستان نے کہا ہے کہ اولمپکس، چائینہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو اور دیگر مختلف ایونٹس کے انعقاد کے ذریعے سے چین نے خود کو ایسے تمام بین الاقوامی مقابلوں کا مرکز بنا لیا ہے۔ مزید برآں چینی سفیر نونگ رونگ نے یہ بھی کہا کہ صدر ژی جن پنگ کے وژن کے مطابق اولمپکس ‘جامع اور ماحول دوست نوعیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ چین اس میگا ایونٹ کو محفوظ بنانے اور ویکسین کے تعاون کو تقویت دینے کے لئے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ 2008 سمر اولمپکس کے انعقاد کے بعد اب 2022 وِنٹر اولمپکس کی میزبانی کرکے بیجنگ کو ڈبل اولمپک شہر کا سہرا حاصل ہوگا۔