Home Latest News Urdu پاکستان اورچین کے درمیان گرین ڈویلپمنٹ سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سبز ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔
Latest News Urdu - October 24, 2025

پاکستان اورچین کے درمیان گرین ڈویلپمنٹ سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سبز ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔

بیجنگ، 23 اکتوبر: پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) جو چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے والا ملک کا ممتاز تھنک ٹینک ہے، گرین ڈویلپمنٹ پر چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے والا پہلا پاکستانی ادارہ بن گیا ہے۔ یہ معاہدہ بیجنگ میں پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو گرین ڈویلپمنٹ کولیشن (بی آر آئی جی سی)کے درمیان طے پایا۔
پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) نے بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل گرین ڈویلپمنٹ کولیشن (بی آر آئی جی سی) کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تاکہ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں چین-پاکستان تعاون کو فروغ دیا جا سکےاور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کی گرین اور کم کاربن ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ پہلا مفاہمتی یادداشت ہے جو بی آر آئی جی سی نے کسی بھی پاکستانی ادارے کے ساتھ گرین ڈویلپمنٹ کے حوالے سے دستخط کیا ہے۔
معاہدے کے مطابق دونوں فریق قریبی تعاون کے ساتھ چین اور پاکستان کے درمیان بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت سبز اور کم کاربن ترقی کے فروغ خصوصاً بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل گرین ڈویلپمنٹ کولیشن کے لیے کام کریں گے ۔ اس تعاون کا دائرہ کار محدود نہیں بلکہ گرین اور کم کاربن ترقی کے حوالے سے چین-پاکستان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر مشترکہ تحقیق کرنا، کلیدی شراکت داروں اور ماہرین کے ساتھ مشاورتی ورکشاپس اور مشترکہ تحقیقی رپورٹس کی لانچنگ تقریبات کا انعقاد، ایک دوسرے کے مطالعات یا سرگرمیوں میں دعوت پر شرکت و معاونت اور گرین و کم کاربن توانائی، کم کاربن ٹرانسپورٹیشن اور دیگر اسٹریٹجک شعبوں میں اعلیٰ سطحی پالیسی سفارشات تیار کرنا بھی اس میں شامل ہے۔
پاکستان کی جانب سے اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط مصطفیٰ حیدر سید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ(پی سی آئی)نے کیے جبکہ چین کی جانب سے اس پر دستخط چن گانگ، سیکرٹری جنرل بی آر آئی جی سی نے کیے۔ دستخط کی تقریب کے موقع پر پاکستان کی وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرا منصب علی کھرل اور چین کی وزارتِ ماحولیات و ایکولوجی کے سابق نائب وزیر ژاؤ ینگ من بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ سید نے کہا کہ “اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا وقت نہایت اہم ہے کیونکہ یہ آئندہ ماہ برازیل میں ہونے والی بڑی کوپ30کانفرنس سے قبل تکمیل کو پہنچا ہے اور یہ معاہدہ پاکستان-چائنا انسٹیٹیوٹ کے اس کلیدی کردار کا اعتراف ہے جو وہ پاکستان میں گرین ڈویلپمنٹ، خصوصاً سی پیک کے فروغ کے لیے ادا کر رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “چونکہ سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، اس لیے یہ اقدام سی پیک کی سبز ترقی، خصوصاً اس کے دوسرے مرحلے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

Comments Off on پاکستان اورچین کے درمیان گرین ڈویلپمنٹ سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سبز ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔

Check Also

چین کے نئے سال کے موقع پر چینی سفارتخانے میں خصوصی تقریب، پاکستان چین دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ۔

چین کے نئے سال کے موقع پر چینی سفارتخانے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاق…