Home Latest News Urdu وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ۔
Latest News Urdu - October 1, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔چین کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ خوشحالی کی روشن مثال ہے۔ وزیراعظم نے چین کو پاکستان کا آہنی بھائی قرار دیتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کی دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اقتصادی اور تکنیکی ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہر شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔شہباز شریف نے چینی صدر، حکومت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کا دوسرا مرحلہ بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی کو نئی رفتار فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے انفراسٹرکچر کے منظرنامے کو تبدیل کرنے کے ساتھ ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ صنعت کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس، توانائی کے شعبوں میں تعاون اور گوادر کو علاقائی تجارتی مرکز بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ سی پیک فیز ٹو صنعتی ترقی کو تیز، روزگار کے مواقع پیدا اور پاکستان کی معاشی بنیادوں کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

Comments Off on وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ۔

Check Also

نائب وزیر اعظم کی بشکیک میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال۔

…