سی پیک منصوبہ اور پاک چین تعلقات کے حوالے سے بے بنیاد الزامات ناقابلِ قبول،سیینٹ قائمہ کمیٹی کی متفقہ قرادار منظور۔۔۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ نے امریکہ کی جنوبی اور وسط ایشیائی امور کی نائب سیکریٹری ایلس ویلز کے 21 نومبر 2019ء کو سی پیک منصوبے اور پاک-چین تعلقات کے حوالے سے دیے گئے بے بنیاد اور گمراہ کن بیان کو متفقہ قرارداد منظور کرکے رد دیا۔ اسے کے ساتھ ہی اسے پاکستان کی داخلی خود مختاری میں بلاجواز مداخلت قرار دیا، اورقومی مفادات کے فروغ اور ملکی مفادات کو تحفظ دینے کے لئے پاکستان کی خود مختاری میں دخل اندازی کو کسی صورت قبول نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے سی پیک کے حوالے سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور بہتان پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ کامیابی و کامرانی کی منازل کی جانب گامزن ہے جبکہ یہ گمراہ کن بیانات محض چین کے خلاف سازشوں کے حصار کے سوا کچھ نہیں۔اسی طرح سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ پاکستان کسی بیرونی طاقت کی بلاجواز مداخلت کو خاطر میں لائے بغیر ہر آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی کے خلاف ہونے والی سازشوں پر شدید رد عمل دے چونکہ دونوں ملکوں کی مضبوط رفاقت نہ صرف پورے خطے کے لئے استحکام کا ضامن ہے بلکہ یہ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون بھی ہے۔