وزیراعظم شہباز شریف سے وانگ فوکانگ کی سربراہی میں چین کے اعلی سطحی وفد کی ملاقات
.
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وانگ فوکانگ کی سربراہی میں چین کے 12 رکنی اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کے ساتھ ساتھ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق چینی وفد وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد چین کے پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کیلئے پاکستان کے دورے پر ہے۔12 رکنی چینی وفد میں 10 مختلف وزارتوں کے نمائندے شریک ہیں۔وزیراعظم نے چینی قیادت صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی وفد کا خیر مقدم کیا۔چینی ماہرین کا اعلی سطحی وفد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اشتراک و تعاون اور پاکستان کی برآمدات کے فروغ پر اپنی آرا پیش کرے گا۔ چینی وفد پاکستان میں مختلف وزارتوں، شعبے کے ماہرین سے ملاقاتیں اور مختلف جگہوں کا دورہ کرے گا۔چینی وفد انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات اور کان کنی، سپیشل اکنامک زونز اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تجاویز دے گا۔ وزیراعظم نے اپنی ابتدائی گفتگو میں وفد کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ باہمی تکنیکی تعاون سے پاک-چین سٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،مثالی مہمان نوازی پر پاکستان کے مشکور ہیں۔