Home Latest News Urdu چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چین کے سفیر کی ملاقات،سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Latest News Urdu - September 26, 2023

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چین کے سفیر کی ملاقات،سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

.

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چین کے سرمایہ کار آگے بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول ساز گار ہے، مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی کرے گا، پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر جیانگ زائیڈانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جیانگ زائیڈانگ کو بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے سفیر اپنی بھرپور صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے خطے میں امن کے قیام کیلئے چین کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔چینی سفیر نے سفارتی، سماجی، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین نے حال ہی میں ایک وائٹ پیپر شائع کیا جس کا عنوان ”بنی نوع انسان کا مشترکہ مستقبل“ ہے۔

Comments Off on چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چین کے سفیر کی ملاقات،سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Check Also

سپارکو کا چینی چانگ ای 8 مشن کے ذریعے روور مشن میں شراکت داری کا اعلان۔