پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ، امن کے لئے تعاون جاری رکھنے کا عہد۔
.
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی خلائی جہاز کے مریخ پر کامیابی سے رسائی پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور اسے ایک اہم تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سال 2021 کی ایک خاص اہمیت ہے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کا موقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کووڈ -19 کے خلاف جنگ میں اپنے تعاون کو مزید مستحکم کر رہے ہیں اور وبا کے دوران چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ مزید برآں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین – افغانستان – پاکستان سہ فریقی وزرائے خارجہ مکالمہ امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے ابھرتی ہوئی آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے پاک چین اسٹریٹجک تعاون اور ہم آہنگی کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا اور امن ، استحکام اور انصاف کے تقاضوں کو فروغ کرنے کے لئے اجتماعی کوششوں کو تیز کرنے کے دونوں ممالک کے عزم کی تصدیق کی۔