Home Latest News Urdu شینزو-24 مشن پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،وزیر اعظم شہباز شریف
Latest News Urdu - November 26, 2026

شینزو-24 مشن پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کا چین کے خلائی اسٹیشن کا سفر محض ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے خوابوں، امنگوں اور بلند عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ تاریخی کامیابی پاکستان اور چین کی آہنی دوستی اور باہمی تعاون کا عملی مظہر ہے، جو اب حقیقی معنوں میں ستاروں تک پہنچ چکا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے 25 نومبر کو چین کے تیانگونگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے خلائی اسٹیشن لے جانے والے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی قیادت، سفیر اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کا تہہ دل سے شکر گزار ہے جس نے اسے اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اس مشن کے ذریعے ایک پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن گیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں اور سائنسی برادری کے خوابوں کی ترجمان ہے اور انہیں مستقبل میں چاند اور اس سے آگے کی منزلیں حاصل کرنے کے لیے متحرک کرے گی۔ انہوں نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے چینی متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس تاریخی کامیابی میں پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے (سپارکو)، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی سفیر سے درخواست کی کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کو ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کے نام اپنے تہنیتی خطوط بھی چینی سفیر کے حوالے کیے۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں رواں سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات اور سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔

Comments Off on شینزو-24 مشن پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

Check Also

محمد ذیشان علی نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب، خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی کے طور پر منتخب

…